ممبئی(سچ نیوز) دنگل سٹار فاطمہ ثنا شیخ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان ان کی پہلی محبت ہیں اوربچپن میں وہ ان کے لیے روتی تھیں۔لاکھوں لڑکیوں کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کے دل میں بھی بستے ہیں جس کا انکشاف انہوں نے حال ہی میں دیئے گئے انٹرویو میں کیا، فاطمہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ 17 سال قبل فلم ’ون ٹو کا فور‘میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیاتھا اور اسی فلم کے دوران انہیں کنگ خان سے محبت ہوگئی تھی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق فاطمہ نے کہا میں اتنی آسانی سے کسی کو پسند نہیں کرتی لیکن شاہ رخ خان کا معاملہ الگ ہے، جب مجھے فلم ’ون ٹوکا فور‘ کےدوران پہلی بار پتہ چلا کہ شاہ رخ خان شادی شدہ ہیں اور ان کی بیوی ہے یہ جان کر میرا دل ٹوٹ گیا اور میں بہت روئی، تاہم پہلی محبت پہلی محبت ہوتی ہے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کس سے ہوئی ہے میں آج بھی شاہ رخ خان کے ساتھ رومینس کرنا چاہتی ہوں۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں ان دنوں فاطمہ ثنا شیخ اورعامر خان کے درمیان نزدیکیوں کی خبریں گردش کررہی ہیں تاہم فاطمہ نےان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں افواہیں قراردیا ہے۔