دمشق (سچ نیوز)امریکی حکومت کی جانب سے شام سے فوج واپس بلانے کے اعلان کے بعد امریکی حمایت یافتہ ’کرد فورسز‘ ایک نئی مشکل سے دوچار ہوگئی ہیں، شام کی کرد فورسز نے امریکی انخلاء کے اعلان کے بعد فرانس سے فوجی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیرین ڈیموکریٹک کونسل کے ایک وفد نے شمالی شام سے امریکی فوج کے انخلاء کے اعلان کے بعد فرانسیسی حکام کیساتھ ملاقات کی ہے۔اس ملاقات میں امریکی اعلان کے نتائج اور مضمرات پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ پیرس سے مدد کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔شام میں کردوں کی نمائندہ ڈیموکریٹک کونسل کے سیاسی بیورو کی عہدیدار الھام احمد نے فرانس سے شمالی شام کے علاقوں کو نو فلائی زون قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں ترکی کی طرف سے ممکنہ حملے کیلئے اپنی فورسز تعینات کرنا پڑتی ہیں تو اس کے نتیجے میں داعش کے خلاف جاری کارروائی روک جائے گی اور داعشی جنگجوؤں کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔الھام احمد نے شام میں داعش کے خلاف سرگرم عالمی اتحاد سے اپیل کی کہ وہ داعش کے خطرات کے مکمل خاتمے تک اپنا مشن جاری رکھیں۔