دمشق (سچ نیوز) شام میں حالیہ فضائی حملوں کے بعد ایک اندوہناک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں ایک پانچ برس کی بچی اپنی گرتی ہوئی نومولود بہن کی جان اس کو قمیض سے پکڑ کر بچا رہی ہے۔یہ تصویر شام کے شہر ادلب میں اریہا نامی قصبے میں کھینچی گئی ہے۔اس تصویرمیں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان بچیوں کا خوفزدہ باپ ان کو بچانے کی غرض سے ان کی جانب بڑھ رہا ہے۔یہ تصویر میڈیا ایس وائے-24 کے فوٹوگرافر نے کھینچی اور انھوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ پہلے پہل تو (فوٹوگرافر کو) کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا، لیکن پھر ملبے تلے موجود نومولود بچوں، اور ان کے والد کی آوازیں سنائی دیں۔‘اس تصویر کی وجہ سے شام میں ہونے والی جنگ پر توجہ ایک مرتبہ پھر مرکوز ہو گئی ہے جہاں حکومت ادلب کو جہادیوں اور باغیوں سے آزاد کروانا چاہتی ہے۔اقوامِ متحدہ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ 29 اپریل کے بعد ہونے والی لڑائیوں میں 350 سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تین لاکھ تیس ہزار اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔صحافی بشار الشیخ نے اس گھرانے کو اس وقت فلم بند کیا جب وہ اریہا میں ہونے والے فضائی حملے کی کوریج کر رہے تھے۔ انھوں نے یہ تصویر کھینچنے کے بعد ان کی مدد بھی کی۔کچھ لمحوں بعد ہی یہ عمارت گر گئی اور پانچ برس کی ریحام اور سات ماہ کی تقا کو مزید زخمی کر دیا۔ ریحام زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور ہسپتال میں دم توڑ گئیں جبکہ ان کی نومولود بہن اب بھی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں موجود ہیں۔