نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں شادی سے چند گھنٹے قبل دلہن کو بیوٹی پارلر سے اغواءکر لیا گیا۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست پنجاب کے شہر شر مکتسر صاحب میں پیش آیا جہاں دلہن میک اپ کے لیے بیوٹی پارلر میں موجود تھی۔ پارلر کے قریب واقع ایک دکان کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اغواءکار ایک گاڑی میں آئے اور پارلر کے باہر دلہن کے نکلنے کا انتظار کرتے رہے۔جیسے ہی دلہن پارلر سے باہر نکلی اغواءکاروں نے اسے زبردستی کار میں بٹھا لیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن شدید مزاحمت کرتی ہے اور اغواءکاروں کے چنگل سے نکل کر بھاگنے کی کوشش کرتی ہے لیکن اغواءکاروں کے سامنے خود کو بے بس پاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق بعدازاں اغواءکار لڑکی کو فیروز پور بس سٹینڈ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے جہاں سے پولیس نے لڑکی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ علاقے کے ایس ایچ او اشوک کمار کا کہنا ہے کہ ”لڑکی ہماری تحویل میں ہے اور ہم اغواءکاروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاحال لڑکی کے اغواءاور پھر اسے بس سٹینڈ پر چھوڑ دیئے جانے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ لڑکی بھی اغواءکاروں کو نہیں جانتی۔“