لاہور (سچ نیوز) پاک چین تعلقات کے فروغ کی تنظیم کے زیر اہتمام ”انڈرسٹینڈنگ چائنہ“ کے زیر اہتمام پانچ روزہ دورے پر گئے صحافیوں کے وفد نے چائنہ نیوز نیٹ ورک اور انٹرنیشنل چینی پاور کمپنی کا دورہ کیا۔ پاکستانی وفد نے چینی حکام کو پاکستانی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ وفد کیلئے چینی حکام کی طرف سے پرتکلف دعوت کا بھی اہتمام کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چائنہ کے پانچ روزہ دورے پر گئے 13 رکنی پاکستانی صحافیوں اور دانشوروں نے چائنہ نیوز نیٹ ورک کا دورہ کیا۔ پاکستانی وفد نے چینی حکام کو پاکستانی الیکٹرانک میڈیا انڈسٹری کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بارے دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاکستانی صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا تفصیلی جواب دیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی صحافیوں کے وفد نے بجلی پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ کمپنی کے ہیڈ آف انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ نے وفد کا استقبال کیا اور مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کروایا۔ چینی کمپنی پاکستان سمیت دنیا کے 6 مختلف ممالک میں بجلی کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔حکام کی جانب سے وفد کو دنیا کے مختلف ممالک میں جاری منصوبوں کو آن لائن سسٹم کے ذریعے دکھایا گیا۔ چینی حکام کی جانب سے وفد کیلئے خصوصی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔ چائنہ میں موجود وفد میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ، ہارون الرشید، ارشاد عارف، حبیب اکرم، سلیم بخاری، شعیب بن عزیز، نذیر لغاری، خوشنود علی خان، مجاہد بریلوی، بیازد خان، عامر خان، ظفرالدین محمود اور منصور آفاق بھی شامل ہیں۔ چینی میڈیا میں پاکستانی صحافیوں کے وفد کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔