لاہور: (سچ نیوز) سابق صوبائی وزیر اور لیگی رہنما رانا مشہود نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میاں شہباز شریف ہمیشہ سے سٹیبلشمنٹ کو قابل قبول رہے، تاہم کسی ڈیل کی بات نہیں کر رہا، وزیرِاعلیٰ کے اُمیدوار حمزہ شہباز ہی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ سیاسی تجربے کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں کہ ملکی سیاست میں اگلے دو سے ڈھائی ماہ بہت اہم ہیں، اگلے مہینوں کے اندر پنجاب میں حالات تبدیل ہوں گے، جس دن حلقے کھلیں گے تو چالیس حلقوں کا رزلٹ بھی تبدیل ہو گا۔ پنجاب میں جو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں اس کی بات کر رہا ہوں۔ پنجاب میں وزیرِاعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز ہی ہوں گے۔
رانا مشہود نے کہا کہ شہباز شریف تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں، معاملات کو درست کرنے میں ان کا بہت بڑا کردار ہے۔ یہ ادارے ہمارے اپنے ہیں، ان اداروں کی عزت میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔
مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں کسی ڈیل کی بات نہیں کر رہا، ملکی اداروں کیساتھ بیٹھ کر بات کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ بیوروکریسی میں بیٹھے ہوئے لوگ ہمارے ہی لوگ ہے۔ ایک باہمی ہم آہنگی پیدا ہو رہی ہے، جن اداروں کا جو کام ہے وہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پی ٹی آئی کو اکثریت دی گئی یہ پوری دنیا کو پتا ہے، موجودہ حکومت کے آنے کی وجہ سے ملک کا بڑا نقصان ہوا ہے، تحریک انصاف پنجاب میں چھوٹی پارٹی ہے لیکن انہیں اکثریت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کیخلاف فیصلہ الیکشن سے پہلے سنایا گیا، بعد میں بھی سنایا جا سکتا تھا، نواز شریف اپنے اصولی موقف پر کھڑے ہیں، اسی کو آگے لے کر چلیں گے۔
رانا مشہود کا دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نجی ٹی وی نے میرے بیان کے سیاق وسباق سے ہٹ کر کلپ آن ائیر کئے۔ متعلقہ ٹی وی کی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ سیاق وسباق اور سوال کے تناظر سے ہٹ کر گفتگو پیش کرنا صحافتی ضابطہ اخلاق کے مطابق نہیں، میری گفتگو کو خاص رنگ دے کر پیش کیا گیا۔