اسلام آباد: (سچ نیوز) افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی پاکستان پہنچ گئے، وزارت خارجہ آمد پر ہم منصب شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سہ ملکی مذاکرات میں شرکت کے لیے پہلے ہی اسلام پہنچ چکے تھے۔
سچ نیوز کے مطابق پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان سہ ملکی مذاکرات کے لیے ہمسایہ ممالک کے دونوں وزرائے خارجہ وانگ ژی، صلاح الدین ربانی وزارت خارجہ پہنچ گئے ہیں جہاں تینوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہونگے۔
مذاکرات میں چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ اپنے وفود کی قیادت کریں گے، مذاکرات کے ایجنڈے میں سیاسی تعلقات، افغان امن عمل، سکیورٹی تعاون شامل ہے۔ انسداد دہشتگردی، ترقیاتی تعاون اور باہمی روابط کا فروغ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اس سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مقصد معاشی ترقی اور امن و سلامتی کیلئے تعاون کا فروغ ہے، ان مذاکرات کا پہلا اجلاس 2017ء میں بیجنگ جبکہ دوسرا، دسمبر 2018ء میں کابل میں ہوا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیاسی اعتماد سازی، ترقی و تعاون اور روابط کے فروغ کیلئے مذاکرات انتہائی اہم ہیں، ان مذاکرات سے تینوں ممالک کے مابین، یکساں مفاد کے امور پر زیادہ بہتر ہم آہنگی سامنے آئیگی۔