لاہور (سچ نیوز)سکاٹ لینڈ کے قومی شاعر ”رابرٹ برنز“کی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں سکاٹش بینڈ ”ریلی جگرڈ “پاکستان کادورہ کررہاہے ، سکاٹش بینڈ برٹس ہائی کمیشن میں ہونیوالی تقریب میں اپنے فن کامظاہرہ کرے گا جو ہرسال رابرٹ برنز کے اعزاز میں منعقد کی جاتی ہے ۔سکاٹش بینڈ نے پہلے لاہور میں واقع ٹرسٹ ہائیر سیکنڈری سکول (ایس این پی ای ٹی) میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا جہاں طلبہ نے بینڈ کی پرفارمنس سے خوب انجوائے کیا ۔سکاٹش بینڈ کے سربرا ہ ایلیسن میک نیل کا کہناتھا کہ یہ ہمارا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے اور ہم یہاں پر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں، ان طلبہ کی صورت میں ہمیں بہترین شائقین دیکھنے کو ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ برنز نائٹ پاکستان میں بھی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جار ہی ہے جو پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے ۔بینڈ نے طلبہ کو پاکستان سکاٹش سکالرشپ دینے کی تقریب میں بھی شرکت کی جس کا مقصد پاکستان میں پسماندہ لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع مہیا کرنا ہے ، طالبات کو یہ سکالرشپس تعلیم ، توانائی ، زراعت ، فوڈ سکیورٹی اور ہیلتھ سائنسز میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دیئے گئے ہیں۔برٹش قونصل ایریا ڈائریکٹر پنجاب ماریہ رحمان اور کالج آف فارما کولوجی کے ڈین ڈاکٹر سید نواز ش الحسن نے طالبات کوسکارلر شپس پیش کئے ۔اس موقع پر برٹش قونصل ایریا ڈائریکٹر پنجاب ماریہ رحمان کا کہنا تھا کہ طالبات کو سکالرشپ دینے کی اس سکیم آ غاز 2013میں سکاٹش حکومت کے تعاون کے ساتھ کیا گیا تھا جس کے تحت اب تک پانچ سو سے زائد نوجوان خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے سکالرشپس سے نوازا جاچکاہے ۔بعد ازاں بینڈ کی جانب سے یونیورسٹی کیلئے طلبہ کیلئے فن کا مظاہر ہ کیا گیا جس میں سکاٹش بینڈ نے یونیورسٹی کے طلبہ کو یورپ کی مقامی موسیقی کی مختلف اقسام کی دھنوں کے حسین امتراج سے محزوظ کیا جبکہ برٹش قونصل لاہور لائیریری میں بھی سکاٹش بینڈ کی جانب سے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا جس میں آنیوالے خاندانوں اورموسیقی سے محبت کرنیوالوں نے خوب لطف اٹھایا ۔