قاہرہ(سچ نیوز )مصر میں سپیشل فورس کے سابق افسر سمیت 37افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق مصرکی ایک عدالت نے سپیشل فورسزکے ایک سابق افسر ہاشم الشماوے سمیت 37افراد کودہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنا دیاہے۔
ہاسم الشماوے نے مصری سپیشل فورسز کو چھوڑ کرشدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت اختیارکرلی تھی۔ہاشم کو 2018کے اواخر میں لیبیا سے گرفتار کیاگیاتھا جس کے بعد کمانڈر ہفتار کی حمایتی فورسز نے اسے مصری حکام کے حوالے کردیاتھا۔اس پر متعدد الزامات عائد کئے گئے جن میں 2014کے دہشت گردحملوں کی منصوبہ بندی، 22ملٹری گارڈز کے قتل اور 2013میں سابق وزیرداخلہ کے قتل کی کوششوں کے الزامات شامل ہیں۔رائٹرز کے مطابق ہاشم صحرائے سینا سے تعلق رکھنے والے بیت المقدس گروپ کی سربراہی کرتا تھا ۔ دیگر چھتیس افراد کو ہاشم کی معاونت اور دہشت گردی میں مدد فراہم کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔ان افراد کاکیس اب مصر کے گرینڈ مفتی کو بھجوایا جائے گا۔