اسلام آباد (سچ نیوز )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میر ا فیض آباد دھرنے سے کوئی تعلق نہیں ،یہ رپورٹ ایسے ہی کسی ایجنسی نے سپریم کورٹ کو دے دی ہو گی ۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنے سے متعلق آئی ایس آئی کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ جس کو بھی حکومت سے شکوہ تھا اس نے تحریک لبیک کے دھرنے میں شمولیت اختیار کرلی اور شیخ رشید نے اس دھرنے کو سپورٹ کیا ۔اس بات پر جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ صبح آئی ایس آئی والوں سے پوچھوں گا ،ہمارے دوست ہیں ۔میں نے تو کچھ نہیں کیا اور نہ میں کبھی دھرنے میں گیا بلکہ تحریک لبیک والوں نے میرے خلاف الیکشن لڑا اور مجھے بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنا یا ۔یہ نام کسی ایجنسی نے ویسے ہی دے دیا ہو گا ،جب ایسا کیس ہو کہ کوئی ملزم نہ مل رہا ہو تو پھر محلے کے غریب کے بچے کا نام دے دیا جا تا ہے میں کئی ایسے کیس جانتا ہوں ۔میں نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی میں خود تشدد کا نشانہ بنا ،میرے پانچ دوست شہید ہو گئے ۔