برن (سچ نیوز) سوئٹزرلینڈ میں گائے کے سینگ ہونے چاہئیں یا نہیں؟ اس موضوع پر اتوار کے روز منعقد کیے گیے ایک ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کے مطابق 53 فیصد شہری چاہتے ہیں کہ گائے کے سینگ کاٹے جانے چاہییں۔سوئٹزرلینڈ کے نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ آج اتوار 25 نومبر کو منعقد کرائے گئے ریفرنڈم میں سوئس شہریوں نے گائے کے سینگ نہ کاٹنے کی مہم کو رد کردیا ہے۔ اس رائے عامہ میں 47 فیصد شہریوں نے سینگ نہ کاٹنے کے حق میں جبکہ 53 فیصد نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں ایک ڈیری فارم کے مالک ارمین کیپال کے خیال میں گائے کے سینگ کاٹنے کا عمل انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے نو برس قبل گائے اور بکریوں کے سینگ کاٹے جانے کے خلاف ایک مہم کا آغاز کیا تھا۔ کیپال کا کہنا تھا کہ سینگ کے ساتھ مویشی فخر سے اپنا سر بلند رکھتے ہیں جبکہ سینگ کاٹے جانے کے بعد وہ افسردہ ہوجاتے ہیں۔بعد ازاں کیپال نے اس مہم کے لیے ایک لاکھ سے زائد سوئس شہریوں کے دستخط بھی جمع کیے۔ سوئس قوانین کے مطابق جب کسی مسئلے پر ایک لاکھ سے زائد شہری دستخط کردیں تو حکومت پر عوام کی رائے جاننا لازمی ہو جاتا ہے۔ اس کے پیش نظر پچیس نومبر کو ملک بھر میں ریفرنڈم کروانے کا اعلان کیا گیا۔