کراچی(سچ نیوز)سندھ وائلڈ لائف میوزیم کراچی کو 28 سال بعد از سر نو بحال کیا گیا ہے، جہاں سندھ کے معدوم ہوتی نسل والے پرندوں اور سانپ سمیت دیگر رینگنے والے جانوروں کو رکھا گیا ہے۔صوبے کے نایاب جنگلی جانوروں کی ممی اور تصاویر کو میوزیم کی زینت بنایا گیا ہے، میوزیم میں 19 اور 20 ویں صدی کے پرندوں اور جانوروں کی تصاویر بھی ہیں،تحفظ جنگلی حیات کے محکمے نے اس میوزیم میں پہاڑی توتے، تیتر، ہرن، شیر، نایاب بلی، چھپکلی، سانپ اور کئی اقسام کے پرندوں کے نمونے محفوظ کیے ہیں۔محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے مطابق اس میوزیم میں سندھ میں پائے جانے والے 320 اقسام اور نسلوں کے پرندوں، 135 رینگنے والے جانوروں اور حشرات، جب کہ 82 دیگر جنگلی حیات کے نمونے اور ان کی تصاویر رکھی گئی ہیں۔محکمے کا کہنا ہے کہ یہ میوزیم رواں ماہ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔واضح رہے کہ سندھ کے ریگستانی، ساحلی اور پہاڑی علاقے صدیوں سے نایاب نسل کے جانوروں اور پرندوں کا مسکن رہے ہیں۔