سموگ کا زور، لاہور سمیت مختلف شہروں میں جمعہ کو سکولوں میں چھٹی کا اعلان

لاہور: ( سچ نیوز) محکمہ سکولز ایجوکیشن نے شدید فضائی آلودگی کے باعث لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے سرکاری اور نجی سکولوں میں مورخہ 22 نومبر بروز جمعہ کو تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

سرکاری اعلان کے بعد تمام تعلیمی ادارے جمعہ کو بند رہیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو بھی سموگ کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر محکمہ سکولز ایجوکیشن نے چھٹی کا اعلان کیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور 279 ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ فضائی آلودگی میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ سب سے زیادہ اے کیو آئی پنجاب اسمبلی کے اطراف میں 612 ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی دھند اور سموگ کے بادل چھائے رہے۔ گوجرانوالہ میں ائیر کوالٹی انڈیکس 444، فیصل آباد کا 494 اور ملتان میں 164 ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دھند اور سموگ کے باعث حد نگاہ 300 میٹر تک رہ گئی۔ سموگ اور دھند کی وجہ سے ارمچی، دوحہ اور دمام سے آنے والی پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

Exit mobile version