تہران(سچ نیوز) ایران نے امریکہ کا ڈرون طیارہ گرانے کے بعد اسے ایک اور ایسی وارننگ دے دی ہے کہ نیا ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق ایران کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار محمد جاوید حج علی اکبری نے کہا کہ ”اگر کسی نے ایران کے خلاف جارحیت کی تو آبنائے ہرمز میں جس جگہ امریکہ کا ڈرون طیارہ مار گرایا گیا، اسی جگہ اس کا قبرستان بنا دیں گے۔“علی اکبری نے اس موقع پر امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ”امریکہ سامراجی غرور کا شکار ہے، جس کی وجہ سے اس نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، تاہم اسے ایران نے سبق سکھا دیا ہے۔“دوسری طرف ایران کی طرف سے ایک نیا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ ایرانی ایئرفورس کے کمانڈر سردار حاجی زادہ نے میڈیا کو مار گرائے گئے امریکی ڈرون کے ٹکڑے دکھاتے ہوئے بتایا ہے کہ ”اس ڈرون طیارے کے ساتھ امریکہ کا ایک بوئنگ پی 8جاسوس طیارہ بھی ایرانی فضائی حدود کے اندر پرواز کر رہا تھا، جس میں امریکی فوج کے 35لوگ بھی سوار تھے۔ ہم چاہتے تو اسے بھی مار گراتے، تاہم ہم نے اسے اس لیے نہیں گرایا کیونکہ ہمارا مقصد صرف امریکہ کو وارننگ دینا تھا۔“واضح رہے کہ ڈرون گرائے جانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایران پر جوابی حملے کا حکم دے دیا تھا تاہم حملے سے محض 10منٹ قبل انہوں نے یہ حکم واپس لے لیا، جب امریکی فوج کے جنگی جہاز اور بحری بیڑے حملے کے لیے پوزیشنز لے چکے تھے۔