ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے خلاف ہندو انتہا پسند تنظیم کرنی سینا کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جس کے باعث پولیس نے اداکار کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ہندو انتہا پسند تنظیم کرنی سینا کے کارکنوں کی جانب سے سلمان خان کے گھر کے باہر ان کے شو بگ باس سیزن 13 کے باعث احتجاج کیا گیا ہے۔ ہندو انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ بگ باس سیزن 13 میں بی ایف ایف (بیسٹ فرینڈز فار لائف) کا ایک نیا سیگمنٹ متعارف کرایا گیا ہے جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے۔کرنی سینا کی جانب سے احتجاج کے باعث ممبئی پولیس نے دبنگ خان کے گھر کے باہر سکیورٹی میں اضافہ کردیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ہندو انتہا پسندوں نے سلمان خان پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ وہ بگ باس سیزن 13 میں ’ لو جہاد‘ کو فروغ دے رہے ہیں۔ ’لو جہاد‘ کی اصطلاح ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف استعمال کی جاتی ہے۔ ہندو انتہا پسند تنظیموں کا الزام ہے کہ مسلمان لڑکے ہندو لڑکیوں کو ’لو جہاد‘ کے تحت اپنے پیار کے چنگل میں پھنسا کر مسلمان کرتے ہیں۔