اندور (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار سلمان خان دبنگ فرنچائز کی تیسری فلم شوٹنگ کرنے کیلئے ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور پہنچ گئے ہیں ۔ اندور (سابق ریاست) وہ شہر ہے جہاں سلمان خان کے دادا ڈی آئی پولیس کے عہدے پر فائز تھے۔سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک ویڈیو میں بتایا کہ وہ دبنگ تھری کی شوٹنگ کیلئے اندور جارہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ مڈلیشور اور مہیشورمیں ان کے دادا پولیس افسر کے طور پر کام کرتے رہے ہیں جبکہ یہی جگہ ان کی جائے پیدائش بھی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دبنگ تھری کی شوٹنگ کیلئے یکم سے 7 اپریل تک کی اجازت مانگی گئی تھی لیکن حکام نے 4 اور 5 اپریل کی منظوری نہیں دی جس کے باعث ان دنوں میں فلم کی شوٹنگ نہیں کی جاسکے گی۔خیال رہے کہ سلمان خان کے پردادا انوار خان الوکزئی پٹھان تھے جو 1800 کے بعد افغانستان سے ہجرت کرکے برٹش انڈیا آئے اور فوج میں ملازمت کی۔ ان کے دادا عبدالرشید خان نے انڈین امپیریل پولیس فورس جوائن کی اور ریاست اندور کے ڈی آئی جی بنے، برٹش انڈیا میں یہ کسی بھی پولیس افسر کیلئے سب سے بڑا عہدہ ہوتا تھا۔ سلمان خان کے والد اور بالی ووڈ کے معروف لکھاری سلیم خان کی پیدائش بھی اندور میں ہی ہوئی ، وہ سب بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے اور جس وقت ان کے والد کا 1950 میں انتقال ہوا اس وقت سلیم خان کی عمر صرف 14 برس تھی۔ سلیم خان کے بچوں کی پیدائش بھی اندور میں ہی ہوئی جو اب ریاست مدھیہ پردیش کا حصہ بن چکا ہے۔