نئی دہلی (سچ نیوز) بالی ووڈ کے دبنگ خان کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے تینوں بیٹے سلمان، ارباز اورسہیل خان امتحان پاس کرنے کیلئے لیک ہونے والے پیپرز کا سہارالیتے تھے۔تفصیلات کے مطابق سلمان خان اپنے دونوں بھائیوں ارباز، سہیل اور اپنے والد سلیم خان سمیت کپل شرما کے نئے ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں گفتگو کرتے ہوئے ان کے والد نے اپنے تینوں بیٹوں کی پول کھول دی اور سکول کے زمانے کا دلچسپ قصہ سنایا۔سلیم خان نے کہا ”ہمارے گھر ایک آدمی آتا تھا جس کا نام گنیش تھا، جب بھی وہ آتا میرے تینوں بیٹے اس کی بہت عزت کرتے تھے، گنیش آیا، اس کو چائے پلاؤ، اس کو بیٹھنے کیلئے سٹول دو، میں نے خود سے کہا کون ہے یہ جسے میرے گھر میں مجھ سے زیادہ عزت ملتی ہے؟ اور جب میں نے گنیش کے متعلق پتہ لگایاتو معلوم ہوا جب بھی امتحان کے پیپرز لیک ہوتے تھے گنیش میرے بیٹوں کو وہ پیپر لاکر دیتاتھا۔“ سلمان خان نے کہا گنیش ہمارے لئے پیپرز لاتا تھا۔سلیم خان کے شو میں کئے جانے والے انکشاف سے واضح ہوتا ہے کہ نہ صرف سلمان خان بلکہ ان کے دونوں بھائی بھی لیک ہوئے پیپر سے نقل کرکے امتحان میں پاس ہوتے تھے۔ تاہم اپنی پول کھلنے پر شو کے دوران تینوں بھائی غصہ ہونے کے بجائے مسلسل ہنستے رہے۔