لزبن(سچ نیوز) پاکستان میں دہشت گردی کی صورتحال کے پیش نظر مغربی و یورپی ممالک نے اسے سفر کے لیے خطرناک قرار دے رکھا تھا لیکن اب دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے پیش نظر پہلے یورپی ملک نے سفر کے لیے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے۔ پرو پاکستانی کے مطابق یہ ملک پرتگال ہے، جس کی حکومت کی طرف سے اپنے شہریوں کے لیے گزشتہ روز نئی ایڈوائزری جاری کی گئی جس میں ان ممالک کے متعلق بتایا گیا جہاں شہری سیاحت کے لیے جا سکتے ہیں۔ اس فہرست میں حکومت کی طرف سے پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔پرتگالی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کا ادراک کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ”پاکستانی فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں نے مشترکہ طور پر دہشت گردی کے خلاف سخت جدوجہد کی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی تیزی کے ساتھ بہتر ہوئی ہے اور اب یہ پرتگالی شہریوں کے لیے محفوظ ملک بن چکا ہے۔ اب شہری پاکستان کی کاروباری مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور اس کے ہنزہ، گلگت بلتستان سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے جا سکتے ہیں۔پرتگال میں پاکستانی سفارتخانے نے سیاحوں کے لیے ایک مخصوص کاﺅنٹر بھی قائم کیا ہے جس سے شہری استفادہ کر سکتے ہیں۔“