اسلام آباد: (سچ نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے لئے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا، راولپنڈی میں 100 سے زائد چیک پوائنٹس قائم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق، راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ 2 روز کیلئے بند رہے گا جبکہ فضاؤں میں تربیتی پروازیں معطل اور ڈرونز اڑانے پر بھی پابندی ہوگی۔ جڑواں شہروں کی میٹرو بس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی۔ 16 اور 17 فروری کو جڑواں شہروں کے مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بھی بند رہے گی۔ سکیورٹی اداروں کے اہلکار جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر تعینات ہوں گے۔ پشاور، کہوٹہ، مری سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، ان کی آمد سے قبل ہی محمد بن سلمان کے وفد کے ارکان پاکستان پہنچنے لگے ہیں، ان میں ایڈوانس سکیورٹی ٹیم، ڈاکٹرز اور کوریج کرنے والے سعودی میڈیا کی ٹیمبں شامل ہیں، ایڈوانس سکیورٹی ٹیم نے مختلف مقامات کا جائزہ بھی لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ سعودی وفود اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کرے گا۔ جس کے لیے اسلام آباد کے 2 بڑے نجی ہوٹل مکمل اور 2 ہوٹل جزوی طور پر بک کر لئے گئے۔ محمد بن سلمان کی ورزش کے سامان، فرنیچر اور ضروری اشیاء سے بھرے 5 ٹرک بھی پہنچ گئے ہیں۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کے ہمراہ ایک بڑا وفد آئے گا۔