ریاض (سچ نیوز)سعودی بادشاہ اور ولی عہد سے ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہاہے کہ سعودی قیادت نے صحافی کی گمشدگی پر احتساب کا یقین دلایا ہے۔امریکی وزیرخارجہ کے مطابق سعودی بادشاہ اور ولی عہد سے ملاقات میں دو ٹوک بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو نے کہا کہ سعودی قیادت حقائق جاننے اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہے، ان کاکہنا ہے کہ واقعے میں چاہے کوئی اہم شخصیت یا اعلیٰ عہدیدار ہی کیوں نہ ملوث ہو تحقیقات ضرور ہوگی۔واضح رہے کہ منحرف سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو سعودی قونصل خانے سے لاپتہ ہوئے تھے جبکہ سعودی عرب نے استنبول کے قونصلیٹ میں کسی واقعہ سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔