تہران(سچ نیوز) حالیہ ہفتوں میں سعودی عر ب اور امریکہ کے آئل ٹینکرز پر حملے ہوئے جن کا الزام امریکہ کی طرف سے ایران پر عائد کیا گیا تھا۔ اب گزشتہ رات ایران کا ایک آئل ٹینکر دہشت گردانہ حملے کی زد میں آ گیا ہے۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ایران کا یہ ’سینوپا‘ نامی بحری جہاز 10لاکھ بیرل تیل لے کر شام جا رہا تھا۔ اسے نہر سوئز کے راستے شام پہنچنا تھا تاہم آج علی الصبح جب یہ جہاز سعودی عرب کی ساحلی حدود میں جدہ سے 60میل کے فاصلے سے گزر رہا تھا تو یکے بعد دیگر جہاز میں دو دھماکے ہوئے۔پہلا دھماکہ 5بجے اور دوسرا 5بج کر 20منٹ پر ہوا۔ دھماکوں سے جہاز میں آگ لگ گئی۔ کئی گھنٹے تک جہاز اسی جگہ کھڑا رہا اور بالآخر عملے نے اسے واپس ایران لیجانے کا اعلان کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز کے دو آئل ٹینکرز کو شدید نقصان پہنچا جس سے تیل نکل کر سمندر میں گر تا رہا تاہم جہاز کو عملے نے ڈوبنے سے بچا لیا۔ ایران کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جہاز کو 2میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی تھی تاہم ایران کی طرف سے کسی شدت پسند تنظیم یا گروہ کو اس واقعے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔ایران کی ’نور نیوزایجنسی‘ کے مطابق جہاز کا عملہ اس واقعے میں محفوظ رہا۔ اس واقعے کا تیل کی عالمی مارکیٹ پر بھی گہرا اثر پڑا اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 2فیصد تک کا اضافہ ہو گیا۔