جدہ(سچ نیوز) سعودی عرب اور ایران روایتی حریف ہیں اور کشیدہ تعلقات کے باعث دونوں کے مابین کوئی اچھی خبر کم ہی سننے کو ملتی ہے۔ ایسی ہی ایک حیران کن خبر گزشتہ روز اس وقت آئی جب سعودی عرب نے ایرانی آئل ٹینکر کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ آئل ٹینکررواں سال 30اپریل سے جدہ کی بندرگاہ پر کھڑا تھا اور سعودی حکومت اسے واپس کرنے سے انکاری تھی۔ہیپی نیس 1(Happiness 1)نامی یہ سپر آئل ٹینکر تیل اپریل میں تیل لے کر جا رہا تھا کہ اس میں خرابی آگئی۔ اس وقت اس جہاز کے قریب ترین بندرگاہ جدہ تھی، چنانچہ ایران کے پاس اس کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا کہ وہ اس جہاز کو جدہ بندرگاہ پر لے جائے اور وہاں اس کی خرابی دور ہو سکے۔ایرانی حکومت نے اقوام متحدہ میں اپنے مستقل وفد کے ذریعے سعودی عرب سے درخواست کی جس پر سعودی کوسٹ گارڈ کی ٹیمیں اس جہاز اور اس کے 26رکنی عملے کو جدہ بندرگاہ پر لے گئیں۔ تب سے یہ عملہ اور جہاز وہیں موجود تھا اور انہیں آج بندرگاہ چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے مابین اس جہاز کی خرابی دور کرنے اور بندرگاہ پر ٹھہرانے کی لاگت کے معاملے پر تنازعہ تھا جس کی وجہ سے سعودی عرب نے جہاز کو جدہ میں ہی روکے رکھا۔