اسلام آباد (سچ نیوز)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ مزدور کا احساس پروگرام کے ذریعے ایک سال کے اندر روایتی اور غیر روایتی ملازمین کو پنشن کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ بہت جلد متحدہ عرب امارات بھی پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرے گا۔نجی ٹی وی ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ مزدور کا احساس پروگرام روایتی اور غیر روایتی ملازمین کیلئے ہے جس کے تحت غیر روایتی ملازمین کو ای او بی آئی کے انڈر لے آئیں گے اور سب لوگوں کو پنشن ملے گی، امید ہے کہ ایک سال کے اندر اندر یہ مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے 220 قیدی واپس آچکے ہیں اور جلد ہی یو اے ای بھی پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرے گا۔ زلفی بخاری نے بتایا کہ کئی ملکوں میں لیبر کیمپ بہتر حالت میں نہیں ہیں، پہلی بار حکومتی عہدیدار نے لیبر کیمپ کا دورہ کیا جس کے بعد لیبر کیمپ کے مالک نے شکایات کا ازالہ بھی کیا۔زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اپنے اچھے فیصلے کو بہتر بنانے کیلئے یوٹرن لیتے ہیں تو ضرور لینے چاہئیں، امید ہے کہ پانچ سال بعد بہت بہتر ملک ملے گا۔