نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور ان کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان درجن سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ ان میں توانائی، دفاع، سول ایوی ایشن اور دیگر شعبوں کے معاہدے شامل ہوں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کل (29اکتوبر) کو سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کریں گے اور سعودی عرب کے خودمختار ویلتھ فنڈ ’پبلک انویسٹمنٹ فنڈ‘ کے زیرانتظام ہونے والے ’فیوچر انویسٹمنٹ انشٹی ایٹو فورم‘ سے بھی خطاب کریں گے۔وزیراعظم مودی کے اس دورے کے متعلق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ تاریخی نوعیت کا ہو گا جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو سٹریٹجک راستے پر گامزن کر دے گا۔ ویب سائٹ livemint.comکے مطابق وزیراعظم مودی سعودی عرب کا یہ دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب بھارت آرٹیکل 370کے خاتمے اور کشمیر کی صورتحال پر پاکستان کے بیانیے کا مقابلہ کرنے کے مختلف راستے تلاش کر رہا ہے اور اپنے اس غیرآئینی و غیرقانونی اقدام کو عالمی برادری کے سامنے جائز قرار دلوانے کی ناکام سعی کر رہا ہے۔ متوقع ہے کہ اس دورے کے دوران ’انڈیا سعودی عرب سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل‘ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، جس کی سربراہی بھارت کی طرف سے نریندر مودی اور سعودی عرب کے طرف سے شاہ سلمان کریں گے۔یہ کونسل دونوں ممالک کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کی باقاعدگی سے نگرانی کرے گی۔ دونوں ملک اس کونسل کے قیام پر شاہ سلمان کے فروری میں کیے گئے دورہ¿ بھارت کے دوران متفق ہوئے تھے۔