کولمبو( سچ نیوز ) سری لنکا میں گزشتہ دنوں دہشت گردی کی ہولناک کارروائی ہوئی جس میں ساڑھے 300سے زائد لوگ لقمہ اجل بن گئے۔ اس کارروائی میں جن دہشت گردوں نے خودکش حملے کیے ان میں دو سگے بھائی بھی شامل تھے۔ اب ان کے متعلق ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان دونوں بھائیوں کے نام انشاف ابراہیم اور الہام ابراہیم تھے۔ یہ دونوں ایک امیرکاروباری باپ کے بیٹے تھے جس کا نام یونس ابراہیم ہے۔ ان کے گھر میں لگژری کاریں اور وہ سب کچھ تھا جس کی کوئی شخص خواہش کر سکتا ہے۔یونس ابراہیم اپنے علاقے میں بہت معزز شخص ہے اور ایک مقامی مسجد کا ٹرسٹی بھی ہے۔وہ غریب لوگوں کی مالی معاونت کرکے حوالے سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ جب اس کے بیٹوں کے خودکش حملے کرنے کی خبر ان کے علاقے میں پہنچی تو وہاں ہر کوئی دنگ رہ گیا۔ ان کے ہمسائے میں رہنے والی فاطمہ فاضلہ نامی ایک خاتون نے بتایا کہ ”یونس ابراہیم ہر وقت غریبوں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ان کے بچے یہ کام کریں گے۔“واضح رہے کہ جب اس حملے کے بعد پولیس سراغ لگا کر الہام ابراہیم کے گھر پر پہنچی تو اس کی بیوی نے بھی اپنے دو بچوں سمیت خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔