کولمبو(سچ نیوز) سری لنکا میں گزشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکوں میں امریکی اور برطانوی شہریوں سمیت درجنوں غیرملکی بھی ہلاک ہوئے۔ ان میں ایک برطانوی بہن بھائی بھی شامل تھے۔ میل آن لائن کے مطابق 19سالہ ڈینیئل لنزے اور اس کی 15سالہ بہن ایملی بھی کولمبو کے ’شنگری لا ہوٹل‘ میں موجود تھے جہاں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے۔ یہ دونوں بہن بھائی پہلے دھماکے میں بال بال بچے لیکن دوسرا دھماکہ ان کی جان لے گیا۔
رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکہ ہوٹل کے ڈائننگ ہال میں ہوا جہاں ڈینیئل اور ایملی بھی دیگر لوگوں کے ساتھ بیٹھے ناشتہ کر رہے تھے۔ جب وہاں دھماکہ ہوا تو یہ لوگ قدرے فاصلے پر ہونے کی وجہ سے بچ گئے اور جان بچانے کے لیے باہر کی طرف دوڑ لگا دی لیکن جونہی یہ کوریڈور میں پہنچے تو وہاں دوسرے حملہ آور نے دھماکہ کر دیا، جس میں ان کی بھی ہلاکت ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسٹر کے روز سری لنکا میں ہونے والے ان دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 310ہو گئی ہے جن میں درجنوں بچے بھی شامل ہیں۔