ممبئی (سچ نیوز )ماضی کی خوبرو اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی اور اداکارہ جھانوی کپور نے فلم ’ دھڑک ‘ سے بالی ووڈ میں اینٹری ماردی ہے اور اب وہ اپنی دوسری فلم کی تیاری کر رہ ہیں تاہم بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ مبینہ طورپر بالی ووڈ اداکار کے پیار میں گرفتار ہو چکی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق جھانوی کپور اپنی پہلی فلم ’دھڑک‘ میں بھی نوجوان ہیرو اشان کھاتر سے رومانس کرتی دکھائی دی تھیں، اس فلم میں دونوں نے کالج کے طالب علموں کا کردار ادا کیا تھا، جنہیں ایک دوسرے سے پیار ہوجاتا ہے ۔ فلم کی شوٹنگ سے اس کی ریلیز تک دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، تاہم یہ سلسلہ اب تک جاری ہے اور انہیں متعدد تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے۔بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ جھانوی کپور اور اشان کھاتر کے درمیان محبت ہے، تاہم دونوں نے اس حوالے سے آج تک کوئی بیان نہیں دیا۔اگرچہ دونوں انٹرویوز اور میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے نظر آتے ہیں، تاہم تاحال دونوں نے ایک دوسرے سے محبت اور تعلقات کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی۔لیکن اب اشان کھاتر نے جھانوی کپور سے اپنی محبت اور تعلقات کی خبروں پر خاموشی توڑی ہے۔فلم فیئر کے مطابق اشان کھاتر حال ہی میں ممبئی میں ایک تقریب میں شریک ہوئے، جہاں صحافیوں نے ان سے جھانوی کپور کے ساتھ تعلقات اور محبت کے بارے میں پوچھا۔اگرچہ اشان کھاتر نے واضح طور پر جواب نہیں دیا، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے جھانوی کپور کے ساتھ محبت اور تعلقات کے حوالے سے کرن جوہر کے شو میں کھل کر باتیں کی ہیں، جو جلد ہی نشر ہوگا۔اشان کھاتر نے کوئی انکشاف کرنے کے بجائے جھانوی کپور کی تعریف کی اور بتایا کہ ان دونوں کی باقاعدہ پہلی ملاقات دھڑک کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، جس کے بعد ہی وہ ایک دوسرے کے قریب آئے۔اشان کھاتر کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے جھانوی کپور کو پہلے بھی دیکھا تھا، تاہم فلم میں ایک ساتھ کام کرنے سے قبل وہ ایک دوسرے سے نا آشنا تھے۔خیال رہے کہ اس سے قبل کافی ود کرن میں جھانوی کپور اپنے بھائی ارجن کپور کے ساتھ شریک ہو چکی ہیں اور ان سے بھی اشان کھاتر کے ساتھ محبت اور تعلقات کے حوالے سے پوچھا گیا تھا۔پروگرام کے دوران ارجن کپور نے بہن کو کہا تھا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ وہ اشان کھاتر سے ملاقاتیں کرتی رہتی ہیں، جس پر جھانوی کپور نے کوئی جواب دینے کے بجائے مذاق میں اس بات کو ٹال دیا تھا۔