لاہور: (سچ نیوز) لاہور میں وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت اجلاس میں لوکل باڈیز نظام کو حتمی شکل دینے کیلئے اڑھتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی گئی جبکہ ایل ڈی اے پلازہ سمیت دیگر سرکاری عمارات میں آتشزدگی کے واقعات کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم عمران کے زیرِ صدارت اجلاس میں لوکل باڈیز کے مسائل اور اختیارات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کی عوامی سطح پر منتقلی کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندوں کے مؤثر احتساب کو بھی یقینی بنایا جائے گا، لوکل باڈیز کے نظام سے نئی لیڈرشپ کو اوپر آنے میں مدد ملے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی کے جمہوری نظام میں ممبران پارلیمنٹ کی توجہ قانون سازی پر کم جبکہ دیگر امور بالخصوص اختیارات اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی۔ لوکل باڈیز کا ایک ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بلیک میل نہ کیا جا سکے اور وہ اپنی تمام تر توجہ اپنی عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوکل باڈیز نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے۔
اجلاس میں لاہور کے ایل ڈی اے پلازہ سمیت دیگر اہم سرکاری عمارات میں آتشزدگی کے واقعات کے حوالے سے تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
جے آئی ٹی واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی اور جلنے والے ریکارڈ کے حوالے سے معلومات فراہم کرے گی۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات چودھری فواد حسین، گورنر پنجاب چودھری سرور، گورنر خیبر پختونخوا ، وزیرِاعلیٰ پنجاب اور سینئر پارٹی قیادت نے شرکت کی۔
وزیرِاعظم نے اجلاس میں قبضہ گروپوں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن کی منظوری بھی دی۔ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کل سے شروع ہو گا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق آپریشن میں پولیس اور دیگر محکموں کو بھی ایل ڈی اے کی معاونت کی ہدایات کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
صوبائی وزیر ہاﺅسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے اجلاس کے بعد بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں مجموعی طور پر 25 لاکھ گھر اور فلیٹ تعمیر کئے جائیں گے جن کی تقسیم میرٹ کے عین مطابق ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پر سفارشات مکمل کر لی گئی ہیں جس کا اعلان وزیرِاعظم آئندہ ہفتے کرینگے۔