ساہیوال(روزنامہ سچ ) صاف و سرسبزسر سبز پنجاب پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سرگرمیوں بھر پور طریقے سے جاری ہیں جس میں شہریوں کے تعاون سے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز ہے -یہ بات فوکل پرسن اے ڈی سی فنانس فاروق صادق نے سرگرمیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی -انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید کی ہدایت پر شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں بھی صفائی مہم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور طلبا و طالبات کو لیکچر ز کے ذریعے اپنے گھروں اور گلی محلوں کی صفائی سے متعلق آگہی بھی دی جا رہی ہے -انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اربن ایریا طارق بن زیاد کالونی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں طالبات میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کی خصوصی تربیت دی گئی -سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان بھی ان کے ہمراہ تھے -طالبات نے صفائی مہم کے حوالے سے سکول کو خصوصی طور پر سجا کر اور مختلف پروگرام پیش کر کے صفائی کی اہمیت اجاگر کی -اس موقع پر موسم بہار شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے گئے -اے ڈی سی فنانس فاروق صادق نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے صاف شفاف پاکستان پروگرام کو گھر گھر تک پھیلایا جا ئے اور بچوں خصوصا لڑکیوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے تا کہ گھروں کی صفائی یقینی بنائی جا سکے -انہوں نے گھروں کے ساتھ ساتھ گلی محلے کی صفائی پر بھی زور دیا –