لاہور: (سچ نیوز) سانحہ ساہیوال ہر پنجاب اسمبلی کے ان کیمرہ سیشن میں ارکان کو بریف کر دیا گیا۔ اپوزیشن نے ان سامنے آنے والے حقائق کو مسترد کر دیا۔
سانحہ ساہیوال پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم فضیل اصغر نے ارکان پنجاب اسمبلی کو بریف کیا تاہم اپوزیشن نے حکومتی موقف پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ اپوزیشن نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ان کیمرہ بریفنگ میں عدم شرکت پر شدید احتجاج کیا۔
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے انصاف نہیں ملے گا اور نہ اس سے بات بنے گی، سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ کے بریفنگ میں نہ آنے پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ قائد ایوان کو آج ہاؤس میں ہونا چاہیے تھا۔
پیپلز پارٹی نے بھی سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور وزیراعلیٰ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کیخلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔
اپوزیشن اراکین نے جمعہ کے روز سانحہ ساہیوال کے حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مندرجات پر ایوان میں بحث کا بھی اعلان کیا۔