سابق وزیراعظم نواز شریف 16 روز بعد سروسز ہسپتال سے جاتی امرا منتقل

لاہور: (سچ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کو 16 روز بعد سروسز ہسپتال سے جاتی امرا منتقل کر دیا گیا، رہائشگاہ پر خصوصی میڈیکل یونٹ قائم کر دیا گیا، ضرورت پڑنے پر شریف سٹی کا میڈیکل بورڈ سرکاری ڈاکٹرز سے رابطہ کرے گا۔

نواز شریف کی سروسز ہسپتال سے منتقلی کے موقع پر لیگی کارکن بھی ہسپتال کے باہر موجود تھے، نوازشریف ہسپتال کی عمارت سے نکل کر خود چل کر باہر آئے اور ایمبولینس میں بیٹھے۔ نواز شریف کو دیکھتے ہی لیگی کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مریم نواز، شہباز شریف اور ان کی والدہ شمیم اختر بھی ہمراہ تھیں۔


دریں اثنا نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی احتساب عدالت سے رہائی کی روبکار جاری ہونے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا، جیل عملے نے ہسپتال جا کر مریم نواز سے دستخط کروائے، انہیں چودھری شوگر ملز کیس میں ایک ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت ملی۔

Exit mobile version