نئی دہلی (سچ نیوز) بھارتی ریاست اترپردیش میں جلائی جانے والی زیادتی کا شکار لڑکی دم توڑ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش میں مرنے والی لڑکی کو گزشتہ سال اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، متاثرہ لڑکی سے زیادتی کے ملزمان گزشتہ ہفتے ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔زیادتی کا شکار لڑکی ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت جا رہی تھی کہ مرکزی ملزم اور ساتھیوں نے آگ لگا دی تھی۔زیادتی کا شکار لڑکی 90 فیصد سے زائد جھلس گئی تھی اور اسپتال میں زیر علاج تھی جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ لڑکی کو آگ لگانے والے پانچوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔خیال رہے کہ 26 نومبر کو بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد دکن میں بھی 26 سالہ خاتون ڈاکٹر کو 4 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جس کے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔6 دسمبر کو پولیس نے فرار کی کوشش میں چاروں ملزمان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔