اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے بارے میں سڑکوں پر گھسیٹنے والے الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہیے تھے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں سپیکر صاحب اور ایوان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے آج عوام کی نمائندگی کا موقع دیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری صاحب کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے کہ انھیں سڑکوں پر گھسیٹیں گے غلط تھے، میں نے بھی ایک مرتبہ پرویز مشرف کے بارے میں الفاظ استعمال کیے تھے لیکن اس پر بعد ازاں میڈیا پر معذرت کی تھی۔
سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حکومتی بینچوں پر جانے والا وقت کے پہیے کو بھول جاتا ہے، ہم وقتاً فوقتاً حکومتی بنچز کو یاد کراتے رہیں گے کہ آپ کا کتنا وقت رہ گیا ہے۔ ہم آپ کے مینڈیٹ کو نہیں مانتے، مگر ایک مرتبہ بھی نہیں سوچا کہ حکومت گرائیں، حکومت کو گرانے کو کوشش کی تو کہیں نظام کو ہی نا گرا بیٹھیں۔ حکومت نے بھی اسی جگہ پر آنا ہے جہاں آج ہم کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سنجیدگی اختیار کرے، ہم نہیں چاہتے کہ آپ بھی نیب کو بھگتیں، نیب بنیادی طور پرعیب ہے جسے دور نہ کیا گا تو اسے آپ نے بھی بھگتنا ہے۔