لاہور: (روزنامہ سچ ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 جیسا ادارہ قائم کر کے دلی خوشی ہوئی، مستقبل میں بھی اس ادارے کو درکار ضروری ساز وسامان فراہم کیا جائے گا اور کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
لاہور میں ریسکیو 1122 کی 14ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں جدید ایمبولینس سروس دیکھ کر تمنا تھی کہ یہ سہولت پاکستانی عوام کو بھی دستیاب ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رضوان نصیر کی سربراہی میں ادارے کا سنگ بنیاد رکھا۔ ابتدا میں کسی نے اس منصوبے کو سنجیدہ نہیں لیا تاہم محنت اور لگن سے کام کرنے والے اہلکاروں نے اس منصوبے کو کامیاب بنایا۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ لاہور سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ آج دیگر صوبوں میں بھی کام کر رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے 14 سالوں کے دوران لاکھوں افراد کی زندگیاں بچائیں۔
انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کا ایمرجنسی الاؤئنس دوبارہ بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ تقریب کے دوران 14ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور پائنئر اہلکاروں کے مابین اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔