رہائشی سکیم کے مکانات سے مودی اور شیوراج کی تصاویر ہٹا دی گئیں

رہائشی سکیم کے مکانات سے مودی اور شیوراج کی تصاویر ہٹا دی گئیں

اندور(سچ نیوز)کانگریس کے احتجاج اور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد جھابوا کے علاقے میں وزیر اعظم رہائشی منصوبے کے تحت تعمیر مکانات میں نصب وزیر اعظم نریندر مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی تصویریں ہٹائی جارہی ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق مکانات میں تصاویر کو مدھیہ پردیش ہائیکور ٹ نے انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے انہیں ہٹانے کی ہدایت جاری کی تھی۔سرکاری افسران کے مطابق پیٹلاواڑ علاقے میں وزیر اعظم ہاوسنگ سکیم کے تحت 234مکانات تعمیر کئے گئے تھے جن میں 45×60سینٹی میٹر سائز کے ٹائلز پر وزیر اعظم مودی اورریاستی وزیر اعلیٰ کی تصویرکے ساتھ ’’سب کا سپناگھر ہو اپنا‘‘ نعرہ تحریرہے۔کانگریس نے اس معاملے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی کہ وزیر اعظم رہائشی سکیم کے تحت تعمیر مکانات میں نصب ٹائلز ہٹائے جائیں جو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے جس پر ہائیکورٹ نے تصاویر ہٹانے کا حکم جاری کیا۔ان مکانات کے بعض مکینوں نے ان تصاویر پر پینٹ اور اخبارات چسپاں کردیئے۔

Exit mobile version