ماسکو(سچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ شام سے فوج نکالنے کا اعلان کر چکے ہیں اور امریکی افواج وہاں اپنے کئی اڈے خالی کر چکی ہیں۔ گزشتہ روز ایسے ہی ایک خالی اڈے میں روس کے تین فوجی ہیلی کاپٹر لینڈ کر گئے جس پر روسی میڈیا نے شام میں اپنے ملک کی فتح کا اعلان کر دیا۔ دی ماسکوٹائمز کے مطابق یہ روسی ہیلی کاپٹر امریکی فوج کی طرف سے خالی کی گئی طبقاءملٹری ایئرفیلڈمیں لینڈ ہوئے۔رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کی طرف سے خالی کیے گئے دیگر اڈوں کی طرح اس ایئرفیلڈ کا کنٹرول بھی شامی صدر بشارالاسد کی فوج سنبھال چکی ہے اور روسی فوج بشارالاسد کی فوج کے ساتھ مل کر ہی شام میں لڑ رہی تھی۔ اس ایئرفیلڈ پر 2017ءمیں کرد جنگجوﺅں نے قبضہ کیا تھا جو امریکی فوج کے اتحادی تھے۔ تب سے اسے امریکی افواج استعمال کر رہی تھیں اور اب ان کے خالی کرنے پر شامی اور روسی افواج نے اس پر قبضہ کر لیا ہے۔ روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ایئرفیلڈ شام کے شمالی علاقے میں سٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جو شام کے شہروں الیپو، دیئرایز زور اور رقہ کو ملاتی ہے۔ اس ایئرفیلڈ کا روسی فوج کے زیرتسلط آجانا بڑی کامیابی ہے۔“