کیو (سچ نیوز) روس نے یوکرائن کی بحریہ کے 3 جہازوں کے خلاف کارروائی کے بعد انہیں قبضے میں لے لیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے یوکرائنی بحریہ کے 3 جہازوں کو قبضے میں لے کر کیرچ پورٹ کو بند کر دیا تھا۔ بعد ازاں روس نے کیرچ پورٹ کو دوبارہ کھول دیا تاہم جہاز اب بھی روس کے قبضے میں ہیں۔روسی حکومت کا کہنا ہے کہ یوکرائن کے 3 بحری جہاز کریمیا کے قریب سمندری سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روسی حدود میں داخل ہوگئے تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے دو چھوٹے جنگی جہازوں اور ایک معاون کشتی کو قبضے میں لے لیا۔ روسی بحریہ کی فائرنگ سے یوکرائن کے 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب یوکرائن نے روسی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ روس نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یوکرائن کے بحری جہاز کو جبری طور پر قبضے میں لیا ہے، عالمی برادری معاملے کا نوٹس لے اور روس کے خلاف تادیبی کارروائی کرے۔ادھر یوکرائن کے صدر پیٹرو پروشینکو نے موجودہ صورت حال پر اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، صدر ملک میں 60 روزہ عارضی مارشل لاء کے نفاذ کے لیے اراکین پارلیمنٹ سے مشاورت کریں گے۔