ماسکو(سچ نیوز) فضاﺅں میں دو متحارب ممالک کے لڑاکا طیاروں کی مڈبھیڑ کی ویڈیو شاذونادر ہی سامنے آتی ہے۔ ایسی ہی ایک امریکی ایف 15اور روسی ایس یو 27جنگی طیاروں کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں روسی پائلٹ نے ایسی جرا¿ت کا مظاہرہ کیا ہے کہ ہر دیکھنے والے کو حیران کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس ویڈیو میں امریکی فضائیہ کا ایف 15طیارہ بحیرہ احمر پر گشت کر رہا ہوتا ہے کہ اسی دوران روس کا ایس یو 27لڑاکا طیارہ پیچھے سے آتا ہے اور امریکی ایف 15کو پرے دھکیل کر اسے راستہ بدلنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روسی پائلٹ اپنے طیارے کو امریکی طیارے کے نیچے چند فٹ کے فاصلے پر لاتا ہے اور بظاہر اسے امریکی طیارے سے ٹکرانے کی کوشش کرتا ہے۔ ایس یو 27کو خطرناک حد تک اپنے قریب دیکھ کر امریکی پائلٹ اپنے طیارے کو فوراً اوپر اٹھاتا ہے اور راستہ بدل کر دوسری سمت میں سفر شروع کر دیتا ہے تاہم ویڈیو کے اختتام تک روسی طیارہ امریکی طیارے کا پیچھا کرتا رہتا ہے۔سی بی ایس کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیاجس میں روسی طیارہ امریکی ایف 15سے محض 5فٹ کے فاصلے پر آ گیا تھا۔ترجمان پینٹاگون کیپٹن پامیلا کنزے کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ روسی طیارے نے امریکی طیارے کے خطرناک حد تک قریب آ کر اسے راستہ بدلنے پر مجبور کیا اور پھر 2گھنٹے 40منٹ تک اس کے انتہائی قریب پرواز کرتا رہا۔