نئی دہلی(سچ نیوز)بھارت میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ’کانگریس‘‘ کے صدر راہول گاندھی میں حالیہ انتخابات میں ہونے والی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اب وہ کانگریس کے صدر نہیں ہیں لہذا پارٹی کسی تاخیر کے بغیر اپنا نیا صدر منتخب کر لے،کانگریس نے راہول گاندھی کا ستعفیٰ منظور کرتے ہوئے موتی لال ووہرا کو پارٹی کا قائمقام صدر منتخب کر لیا ہے۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہوہ پارٹی صدارت سے استعفی دے چکے ہیں اوراب وہ پارٹی صدر نہیں ہیں لہذا کانگریس کو بلا تاخیر اپنا نیا صدر منتخب کر لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو جلد ہی اپنی سب سے بڑی پالیسی ساز یونٹ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ طلب کرلینی چاہئے اور یہ طے کرلینا چاہئے کہ پارٹی کا نیا صدر کون ہوگا؟۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھوں کانگریس کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 25 جولائی کو ہونے والی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اپنے عہدے سے استعفی دینے کی پیشکش کی تھی لیکن پارٹی رہنماؤں نے استعفیٰ کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا جبکہ کانگریس کے تقریبا 150 عہدیداران راہول گاندھی کے صدر برقرار رہنے کی حمایت میں استعفی دے چکے ہیں اور پارٹی کے کارکنان ان کے عہدے پر برقرار رہنے کا مسلسل مطالبہ کررہے ہیں لیکن راہل گاندھی اپنے استعفی پر بضد تھے جس پر پارٹی نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ موتی لال ووہرا کو کانگریس کا قائمقام صدر نامزد کیا ہے ۔