نئی دہلی(سچ نیوز)انڈین نیشنل کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کھری کھری سنا دیں، کہا وزیرخارجہ جے شنکر صاحب مودی کو کچھ سفارتی کاری ہی سکھا دیں۔تفصیلات کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پیغام میں بھارتی وزیرخارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وزیرخارجہ جے شنکر صاحب مودی کی نااہلی چھپانے کا شکریہ، جے شنکر صاحب مودی کو تھوڑی سفارتی کاری سکھائیں، ہیوسٹن میں ٹرمپ کے حق میں مودی کے بیان سے ڈیموکریٹک پارٹی ناراض ہے۔واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہیوسٹن میں امریکہ میں مقیم بھارتیوں کے ایک جم غفیر سے خطاب کیا تھا۔ نریندر مودی نے جلسے کے دوران اب کی بار ٹرمپ سرکار کا نعرہ لگایا تھا۔