رانا مشہود کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے، میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی:  (سچ نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ن لیگ کے رہنما رانا مشہود کے بیان کو افسوسناک اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات ملکی استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے اداروں سے معاملات طے پانے اور پنجاب میں جلد تبدیلی کا بڑا دعویٰ کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا شہباز شریف ہمیشہ سٹیبلشمنٹ کو قابلِ قبول رہے ہیں، تاہم بعد ازاں رانا مشہود نے اپنے بیان سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اسے سیاق وسباق سے ہٹ کر قرار دیدیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملکی اداروں کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چھوٹی پارٹی تحریک انصاف کو اکثریت دی گئی، مگر وہ ڈلیور نہ کر پائی۔

رانا مشہود نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف سٹیبلشمنٹ کے لیے قابل قبول رہے ہیں، وہ کسی ڈیل کی بات نہیں کرتے لیکن یہ بھی اشارہ دیدیا کہ اگلے مہینوں کے اندر پنجاب میں حالات تبدیل ہوں گے۔

Exit mobile version