ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ جنہیں پیار سے مداح ’دیپ ویر‘ بلاتے ہیں، کا رشتہ تو طویل عرصے سے سب کے سامنے ہی تھا، ان کی شادی کی تاریخ، تقریبات میں پہنے جانے والے ملبوسات کے ڈیزائنر اور دیگر تفصیلات بھی سب کے سامنے آتی رہیں، تاہم ایک راز ہے جو کسی کو معلوم نہیں۔جسے اب دپیکا پڈوکون نے خود سب کو بتادیا ہے۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کئی روز قبل کافی ود کرن شو پر دپیکا پڈوکون نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے اور رنویر سنگھ کے افیئر کو 6 سال مکمل ہوچکے ہیں۔دپیکا پڈوکون نے فلم فیئر کو دیے ایک انٹرویو میں اس راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ ان کی اور رنویر سنگھ کی منگنی 4 سال قبل ہوئی تھی۔جی ہاں، 4 سال قبل جب ایسی رپورٹس سامنے آتی تھی کہ کیا رنویر دپیکا ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، یا ان کا بریک اپ ہوچکا ہے، تب یہ دونوں خفیہ منگنی کرچکے تھے۔اس حوالے سے دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ رنویر سنگھ کے ساتھ رشتے میں جڑنے کے 6 ماہ بعد ہی دپیکا کو اندازہ ہوگیا کہ یہ وہی ہیں جن کے ساتھ وہ اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہیں، لیکن اس دوران ان دونوں کو کئی اتار چڑھائو کا سامنا کرنا پڑا۔دپیکا نے بتایا کہ ’اب جب میں گزرے وقت کو دیکھتی ہوں، تو اندازہ ہوتا ہے کہ 6 ماہ میں ہی میں اس رشتے کے لیے کافی جذباتی ہوگئی تھی، ظاہر ہے 6 سال کے رشتے میں ہم نے کئی اتار چڑھاو¿ دیکھے، لیکن ہم کبھی ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوئے، کبھی کوئی بہت بڑا جھگڑا نہیں ہوا، یا ایسا بھی کوئی وقت نہیں آیا جب ہم ایسا سوچیں کہ ہمیں وقت لینا چاہیے اور اپنے رشتے کے بارے میں سوچنا چاہیے، جو بھی ہوا، ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ رہے‘۔اداکارہ کے مطابق ’ہماری منگنی 4 سال قبل ہوئی، کوئی نہیں جانتا تھا، یہ بات صرف ہمارے والدین اور ہماری بہنوں کو معلوم تھی‘۔یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے سب سے پہلے 2013 میں فلم ’رام لیلا‘ میں کام کیا۔اور اس فلم سے ہی ان دونوں کے افیئر کا آغاز ہوا۔اس کے بعد یہ دونوں سنجے لیلا بھنسالی کی دو اور فلموں ’باجی رائو مستانی‘ اور ’پدماوت‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے۔یہ تینوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں۔یاد رہے کہ دپیکا اور رنویر کی شادی رواں سال 14 اور 15 نومبر کو اٹلی میں منعقد ہوئی۔