تہران(سچ نیوز)دو روز قبل یوکرین کا ایک مسافر طیارہ ایران میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ایک کینیڈین شہری کو بھی اس جہاز میں سوار ہونا تھا لیکن وہ خوش قسمت شخص غلط ٹکٹ خریدنے کے باعث جہاز میں سوار ہونے سے رہ گیا اور اس کی جان بچ گئی۔ میل آن لائن کے مطابق اس شخص کا نام محسن احمدی پور ہے جس نے اپنی 43سالہ بیوی روجا ازادیان کے ہمراہ اس بدقسمت پرواز میں سوار ہونا تھا۔ جب وہ ایئرپورٹ پہنچے تو حکام نے محسن کو یہ کہہ کر جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا کہ اس کا ٹکٹ اس پرواز کے لیے کارآمد نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق محسن کی بیوی روجا کو جہاز میں بیٹھنے کی اجازت مل گئی اور وہ اپنے شوہر کو خدا حافظ کہہ کر طیارے میں سوار ہو گئی اور محسن وہیں ٹرمینل میں ہی رکا رہا تاکہ اگلی کسی پرواز میں سوار ہو کر کینیڈا اپنی بیوی کے پاس پہنچ سکے۔ تاہم تہران ایئرپورٹ سے اس یوکرینی ایئرلائنز کے طیارے کے پرواز کرنے کے چند منٹ بعد ہی یہ ہولناک خبر آ گئی کہ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
اس پرواز میں 26سالہ اراش پورزرابی اور 25سالہ پونیہ گورجی نامی دولہا دلہن بھی جاں بحق ہوئے جن کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ دونوں ایرانی نژاد کینیڈین تھے اور شادی کرنے کے لیے ہی ایران آئے تھے اور اب شادی کے بعد واپس کینیڈا جا رہے تھے کہ بدقسمت حادثہ پیش آ گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں 176افراد ہلاک ہوئے جن میں 63کینیڈین، 11یوکرینی، 10سویڈش، 4افغانی، 3جرمن، 3برطانوی اور دیگر ممالک کے شہری شامل تھے۔