کوالالمپور (سچ نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں اور مہاتیر محمد کو بدعنوانی کے خلا ف ووٹ دیے گئے ہیں۔ مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ ملائیشین وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کو مشترکہ مسائل کا سامنا ہے۔ملائیشین وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی ۔ وزیر اعظم آفس پہنچنے پر مہاتیر محمد نے عمران خان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماﺅں کے مابین مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا جس کے بعد پاکستان اورملائیشیاکے وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کو بدعنوانی کیخلاف عوام نے ووٹ دیے ہیں، ملائیشیا نے مہاتیر محمد کی قیادت میں تیزی سے ترقی کی اور اقتصادی ترقی کیلئے ہم مہاتیر محمد کے تجربات سے استفادہ کریں گے، پاکستان میں سیاحت اوردیگرشعبوں میں بہتری کی گنجائش ہے،سیاحت کے شعبے میں بھی ملائیشیاکے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ملائیشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کی تقریب میں مہاتیر محمد کو شرکت کی دعوت دی ہے، مہاتیر محمد یوم پاکستان پر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے پاکستانی ہم منصب کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارچ میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کو مشترکہ مسائل کاسامناہے، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون پراتفاق ہواہے جن میں خزانہ،نجکاری ، سیاحت اور خوراک کے شعبے شامل ہیں۔ دونوں ممالک میں مستقبل میں بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔