نئی دہلی(سچ نیوز ) بھارت میں ایک نوجوان لڑکے لڑکی کی فروری کے دوسرے ہفتے میں شادی ہونے جا رہی تھی کہ دولہا کا والد اور دلہن کی والدہ گھر سے بھاگ گئے اور نوجوان جوڑے کا شادی کا ارمان دل میں ہی رہ گیا۔ یہ واقعہ بھارتی شہر سورت میں پیش آیا ہے جہاں 10روز قبل دولہا کا 48سالہ والد دلہن کی 46سالہ والدہ کو بھگا لے گیا اور اب تک ان کا کچھ پتا نہیں چل سکا کہ وہ کہاں ہیں۔
دولہا سورت کے علاقے کٹرگم اور دلہن نیوسری کی رہائشی تھی۔ 10روز قبل اچانک دولہے کا والد اور دلہن کی والدہ اپنے اپنے گھر سے غائب ہو گئے۔ دونوں کے گھر والے الگ الگ ڈھونڈتے رہے اور پھر جب دونوں کو ایک دوسرے کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ معاملہ سمجھ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گھر سے بھاگنے والے یہ مرد اور عورت جوانی میں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔
بھاگنے والا دولہا کے والد کا ٹیکسٹائل اور پراپرٹی کا کاروبار ہے اور وہ ایک سیاسی جماعت کا بھی رکن ہے۔ وہ اور دلہن کی والدہ کٹرگم میں ہمسائے ہوا کرتے تھے۔ ایک ساتھ ہی وہ پلے بڑھے۔ پھر دلہن کی والدہ کی شادی ہو گئی اور وہ بیاہ کر نیوسری چلی گئی۔ اب جا کر ان دونوں نے پہلے اپنے بچوں کا رشتہ کیا لیکن پھر ان کی شادی ہونے سے پہلے ہی خود بھاگ گئے۔ ان کے بھاگنے کے بعد بچوں کی شادی منسوخ کر دی گئی۔ دونوں خاندانوں نے پولیس میں رپورٹ درج کروا دی ہے۔