بیجنگ(سچ نیوز ) پاک چین اقتصادی راہ داری کا دوسرا مرحلہ آ گیا ہے اور چین سے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ چینی خبررساں ادارے ژن ہوا کے مطابق سی پیک کے اس دوسرے مرحلے میں چینی حکومت پاکستان میں صنعت کاری، زراعت اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔ مقامی ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستانی معیشت کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔پاکستانی وزارت منصوبہ بندی کے تحت بنائے گئے سی پیک سنٹر آف ایکسی لینس کے شعبہ میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے ڈائریکٹر یاسر محمود کا کہنا ہے کہ ”سی پیک کے دوسرے مرحلے میں وہ تمام صلاحیتیں ہیں جن کے ذریعے وہ پاکستانی معیشت کو اوپر اٹھا سکتا ہے۔ اس مرحلے میں صنعت کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، زراعت، ماڈرنائزیشن، تجارت، مارکیٹس تک رسائی، بلیو اکانومی، علاقائی ربط اور دیگر ایسے شعبوں پر توجہ دی جائے گی جن کا پاکستانی معیشت پر انتہائی مثبت اثر پڑے گا اور تیز تر ترقی دیکھنے کو ملے گی۔ سی پیک شروع ہونے سے پہلے ملک میں 18سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ پہلے مرحلے میں توانائی کے شعبے پر توجہ دی گئی اور آج ملک میں بجلی کا بحران ختم ہو چکا ہے۔ اسی طرح دوسرے مرحلے میں ان شعبوں میں بھی حیران کن ترقی آئے گی۔“