کابل (سچ نیوز) افغان طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ افغان طالبان کا کہنا ہے کہ دوحہ میں غیر ملکی افواج کے انخلا سمیت اہم موضوعات پر پیشرفت ہوئی ہے لیکن اس سلسلے میں ابھی مزید مذاکرات بھی ہوں گے۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلا اور دیگر اہم مسائل پر بحث اور پیشرفت ہوئی۔ ’ یہ موضوعات سنگین ہیں اوران کی تفصیل کے لیے زیادہ بحث کی ضرورت ہوتی ہے، تو فیصلہ ہوا کہ بعض لاینحلہ مسائل پر آئندہ مزید اسی نوعیت کے اجلاس ہوں گے تاکہ باقی لاینحلہ مسائل کے حل کے لیے مناسب اور مفید طریقہ تلاش کیا جاسکے اور فریقین مجالس کی صورتحال اپنے اپنے قائدین سے مشاورت اور ان سے ہدایت حاصل کریں‘۔ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق 6 روزہ مذاکرات کے دوران طالبان کا واضح موقف رہا کہ جب تک افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلا کا موضوع حل نہیں ہوتا تب تک دیگر امور میں پیشرفت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکہ نے طالبان کو جنگ بندی اور افغان حکومت سے مذاکرات پر راضی کرلیا ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی کیلئے قطر کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔