ماسکو(سچ نیوز) دنیا کے طاقتور ترین شخص روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی بیٹی کا دل توڑنے والے شخص نے دوسری شادی رچا لی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق روس کے کم عمر ترین ارب پتی 36سالہ کیریل شیمالوف نے ولادی میر پیوٹن کی مبینہ بیٹی کترینا تیخونوا سے شادی کی تھی تاہم کچھ عرصہ قبل ان دونوں میں علیحدگی اور طلاق کی خبریں میڈیا میں آئیں۔ اب میڈیا رپورٹس کے مطابق کیریل نے 32سالہ ژینا وولکووا نامی لڑکی سے شادی کر لی ہے اور دونوں کی مختلف مواقع پر لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔32سالہ کترینا ٹیخونواروس کی ’راک اینڈ رول‘ ڈانسر ہیں جو ڈانس کے کئی
مقابلوں میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔ ان کے بارے میں طویل عرصے سے کہا جاتا ہے کہ وہ ولادی میر پیوٹن کی چھوٹی بیٹی ہیں تاہم کترینا یا روسی صدر کی طرف سے اس کی کبھی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ اس معاملے پر عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ کترینا اپنی شناخت خفیہ رکھنا چاہتی ہیں تاکہ وہ اپنے ڈانس کے شوق کو جاری رکھ سکیں۔آج تک کسی کو کترینا کی نجی زندگی کے بارے میں کچھ زیادہ علم نہیں۔ حتیٰ کہ ان کی کیریل سے شادی بھی بہت دیر میں سامنے آئی اور آج تک طلاق کی وجوہات بھی معلوم نہیں ہو سکیں۔ایک بار ولادی میر پیوٹن نے اپنی بیٹیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”میری بیٹیاں اپنے اپنے کیریئر کی شروعات کر چکی ہیں اور وہ بہت اچھی ترقی کر رہی ہیں۔ ان کا کاروبار یا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے تمام تعلیم روس میں ہی حاصل کی ۔ اب بھی وہ روس میں ہی رہ رہی ہیں اور اپنی زندگی جی رہی ہیں۔ مجھے ان پر فخر ہے۔ انہوں نے تعلیم حاصل کی اور اب کام کر رہی ہیں۔“ ولادی میر پیوٹن نے اس گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ ”میری بیٹیاں تین یورپی زبانیں روانی کے ساتھ بولتی ہیں۔“صدر پیوٹن کی بڑی بیٹی کی بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا نام ماریہ ہے۔ اس کی عمر 33سال ہے اور اس نے نیدرلینڈ کے ایک کاروباری شخص کے ساتھ شادی کر رکھی ہے۔کیریل کی ژینا وولکووا سے شادی کی تصدیق ژینا کے شناختی کاغذات سے ہوئی ہے جن میں اب اس نے اپنا نام ژینا وولکووا سے تبدیل کرا کے اپنے شوہر کیریل شیمالوف کی نسبت سے ژینا شیمالووا رکھ لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کیریل اور ژینا کی شادی سینٹ پیٹرزبرگ کے قریب واقع سیاحتی مقام آئیگورا پر ایک شاندار تقریب میں ہوئی تاہم اس تقریب میں شریک مہمانوں سے رازداری کا حلف لیا گیا تھا کہ وہ اس شادی کے متعلق کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے۔