واشنگٹن (سچ نیوز) دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس نے اپنی بیوی کو طلاق دینے کا اعلان کردیا۔ایمازون کے بانی اور سی ای او جیف بیزوس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ وہ اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔جیف بیزوس اور مکینزی بیزوس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ” جیسا کہ ہمارے اہلخانہ اور قریبی دوست جانتے ہیں کہ طویل عرصہ پیار بھری زندگی گزارنے کے بعد ہم نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ہم بطور دوست اپنی زندگی میں آگے بڑھیں گے۔ اگر ہمیں پتا ہوتا کہ ہم 25 سال بعد علیحدہ ہوجائیں گے تو ہم وہ سب کچھ دوبارہ کرتے جو ہم نے پہلے کیا تھا“۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”ہم نے بطور شادی شدہ جوڑے کے، ایک بھرپور زندگی گزاری ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں ہم ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں“۔جیف بیزوس کی اہلیہ ناول نگار اور کئی کتابوں کی مصنف ہیں۔ دونوں نے 25 سال قبل 1993 میں شادی کی تھی اور ان کے 4 بچے ہیں۔ مکینزی ایمازون کی سب سے پہلی ملازمہ بھی ہیں۔