نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی بالآخر انجام پذیر ہوئی اور وہ پیا گھر سدھار گئیں۔ اب دنیا کی اس مہنگی ترین شادی کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 27سالہ ایشا امبانی اوران کے بچپن کے دوست 33سالہ آنند پیرامل، مکیش امبانی کے ممبئی میں واقع 27منزلہ گھر میں رشتہ اذدواج میں منسلک ہوئے اور ان کی شادی پرمجموعی طور پر 10کروڑ ڈالر (تقریباً13ارب 90کروڑ روپے) خرچ ہوئے۔رپورٹ کے مطابق ایشا اور آنند کی شادی میں ہیلری کلنٹن، امریکی سینیٹر جان کیری، ہما عابدین، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، عامر خان، شاہ رخ خان،سچن ٹنڈولکر، پریانکا چوپڑا اور نک جونس سمیت سیاست، کھیل اور شوبز سے وابستہ متعدد عالمی شخصیات نے شرکت کی۔شادی کی تقریبات کا آغاز ریاست راجستھان کے شہر ادے پور میں ہوا تھا جہاں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ بیونسے کے کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔اب دولہا دلہن سمیت اس دنیا کی مہنگی ترین شادی میں شریک مہمانوں کی تصاویر سوشل میڈیا صارفین کی آنکھوں کو خیرہ کر رہی ہیں۔